اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں رواں ہفتے محکمہ ٹرانسپورٹ نے 6گاڑیاں ضبط، 54گاڑیوں کا چالان و 67500 روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ ضلع میں بہتر ٹریفک نظام و ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسپورٹ کمشنر جموں و کشمیر وشیش پال مہاجن و ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ کی ہدایات پر اے آر ٹی او راجیش گپتا نے ضلع بھر میں ٹریفک ناکے لگا کر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کے تحت اے آر ٹی او کی قیادت میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے 205 گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران بناء ہیلمیٹ، مسافروں سے ناجائز کرایا وصول کرنے، اؤرلوڈنگ و تیزرفتاری و غلط جگہ گاڑی لگانے کے الزام میں 54گاڑیوں کا چالان، 6گاڑیاں ضبط و 67500روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔اے آر ٹی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں بہتر ٹریفک نظام بنانے کے لئے محکمہ سرگرم ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی قطعاً کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ضلع میں بہتر ٹریفک نظام بنانے کے لئے محکمہ کو اپنا مکمل تعاون کریں۔