اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک خاتون از جان ا ور سرکاری ٹیچر سمیت 6دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پہلا حادثہ بدھ کے روز صبح ساڑھے دس بجے کے قریب بھرت بگلہ سے ڈوڈہ کی طرف آرہی ایک بلیرو گاڑی زیر نمبر JK06C-0825پسی بسوال کے نزدیک پسی کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں 1خاتون موقع پر ہی از جان و 5دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ایک خاتون کو مردہ قرار دیا اس کی شناخت رضیہ بیگم (32)زوجہ منظور احمد وانی ساکنہ بگلہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں غلام حسن کھٹانہ (33سال)ولد غلام محمد ساکنہ ،ذولیکھاں (30سال)زوجہ غلام حسن کھٹانہ، عمران احمد (04سال)ولد غلام حسن کھٹانہ، کامران (02سال)ولد غلام حسن کھٹانہ ساکنہ بھرت بگلہ و سونیا دیوی (32سال)زوجہ رنویر سنگھ ساکنہ بگلہ زخمی ہوئے ہیں۔ادھر بدھ کو بعد دوپہر سب ڈویژن گندوہ کے ٹینٹلی گاؤں میں ایک نجی گاڑی زیر نمبر JK06B-5960ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے نیچے لڑھک گئی جس کے نتیجے میں فاروق احمد وانی ساکنہ سنوارہ زخمی ہوئے جو کہ ایک سرکاری ٹیچر ہیں۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی شخص کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی علاج کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔