ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ و ضلع کی دیگر سڑکوں پر شبانہ ٹریفک معطل،لوگ مشکلات میں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں منگل کی درمیانی شب سے شروع ہوئی موسلا دھار بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک بار پھر سے عام زندگی متاثر ہوئی ۔اس دوران ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ، ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت متعدد رابطہ سڑکوں پر پسیاں گرنے، زمینیں دھنسنے و پہاڑی کھسکنے کا سلسلہ بھی جاری جبکہ مدینہ نالوں میں طغیانی آگئی۔مسلسل بارشوں و پسیاں گرنے کی وجہ سے ڈوڈہ انتظامیہ نے ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت ضلع کی سبھی رابطہ سڑکوں پر شبانہ ٹریفک کو معطل رکھنے کے احکامات جاری کئے جبکہ ضلع میں نویں روز بھی سکول بند رہیں گے۔اطلاعات کے مطابق منگل کی درمیانی شب ڈوڈہ ضلع کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا دن بھر جاری رہا۔اس دوران رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں اور متعدد مقامات پر پہاڑی کھسکنے و پسیاں گر آئیں جبکہ پانی و بجلی نظام کو بھی مزید نقصان پہنچا اور ندی نالوں میں طغیانی ایک بار پھر سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔اس دوران سیول و پولیس انتظامیہ نے مساجد و لاؤڈ سپیکر پر موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے ندی نالوں کا رکھنے نہ کرنے و گھر سے باہر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔پولیس و سیول انتظامیہ نے ہیلپ لائن نمبرات جاری کرتے ہوئے ایمرجنسی کے دوران ان نمبرات پر رابطہ کرنے کی عوام سے اپیل کی۔موسلا دھار بارش کے دوران سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری کاہرہ و دیگر مضافات میں پینے کے صاف پانی کی سخت کمی پائی گئی ہے اور بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ کی تباہ کن بارشوں سے ڈوڈہ ضلع میں 500سے زائد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سینکڑوں دیگر مکانات و دوکانات غیر محفوظ بن گئے ہیں اور 5 انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔