اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں تیسرے روز بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی. موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور رابطہ سڑکیں زیر آب ہوئیں. تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بدھ کو وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں عوامی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے. اس دوران بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا جبکہ رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب ہوئے ہیں وہیں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد مقامات پر تعمیر کئے گئے لکڑی کے عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں. ادھر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے پہلے ہی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور اس کے لئے انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کیا ہے. انہوں نے لوگوں سے اپیل کی وہ خراب موسم کے دوران ندی نالوں و پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں اور شدید بارش میں اپنے بچوں کو سکول نہ بھیجیں.ڈی سی نے کہا عوامی مسائل کے ازالہ کے لیے کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جہاں کسی بھی ایمرجنسی میں لوگ رابطہ کرسکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے.