اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے شہر و گام میںتیسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق بدھ کو شروع ہوئی برفباری و بارشوں کا سلسلہ جمعرات کے بعد جمعہ کو دن بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ و عسر کے ملحقہ علاقوں کی رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں اور بٹوت ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ پر بھی پسیاں گرنے کی وجہ سے کئی گھنٹے ٹریفک معطل رہا۔ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر رہی ہوئی ہے اور بیشتر علاقوں میں رہائشی و غیر رہائشی تعمیرات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران ضلع کی اہم رابطہ سڑکوں پر وقفے وقفے سے ٹریفک بحال رہا تاہم اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں اور بیشتر مقامات پر پتھر بھی گر آئے۔شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور کئی دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔ ادھر انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خراب موسم میں غیر ضروری سفر کرنے و پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کے دوران مقامی انتظامیہ و ضلع کنٹرول کے نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔