اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں بدھ کو دوپہر تک شدید بارشیں جاری رہی جس کے نتیجے میں دریائے چناب کے ساتھ بھدرواہ، گندوہ بھلیسہ، چلی پنگل ،ٹھاٹھری کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا جبکہ ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت ٹھاٹھری گندوہ و دیگر رابطہ سڑکوں پر متعدد مقامات پر پسیاں،پتھر و پہاڑی کھسک آئے اور کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہا۔ موسلا دھار بارش سے پانی، بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی جبکہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو مزید نقصان پہنچا ہے۔خراب موسم کی وجہ سے ضلع کے سبھی تعلیمی ادارے آج نویں روز بھی بند رہے۔اس دوران کئی رہائشی علاقوں کے نزدیک مٹی کے تودے و پسیاں گرنے کا عمل پھر سے شروع ہوا ہے اور متعدد رہائشی و غیر رہائشی مکانات و دوکانات کو نقصان پہنچا ہے۔شدید بارشوں کے دوران مواصلاتی نظام بھی کچھ دیر کے لیے ٹھپ ہوا تھا۔بعد دوپہر بارش رک گئی اور دیر شام تک متعدد علاقوں میں پانی و بجلی بھی بحال کی گئی تاہم درجنوں دیہات میں تاحال پانی، بجلی و سڑک نظام منقطع ہیں۔ملکپورہ چلی سڑک پر دوسرے روز بھی ٹریفک معطل رہا۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کی اہم شاہراہوں کو عارضی طور پر بحال کیا گیا ہے اور موسم سازگار رہا تو اگلے دو روز میں اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کی آمدورفت کے قابل بنایا جائے گا۔