اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں گذشتہ دو روز ہوئی مسلسل برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں بالائی علاقوں میں مال مویشیوں کے ساتھ رہائش پذیر درجنوں کنبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔گذشتہ روز فوج کی 4راشٹریہ رائفلز نے بھدرواہ کے بالائی علاقوں میں پھنسے ایک درجن کے قریب کنبوں کو مال مویشیوں کے ہمراہ نکال کر انہیں بھی امداد و دیگر ضروت کی چیزیں فراہم کیں وہیں ابابیل نامی ایک غیر رضاکار تنظیم نے بھی راشن و ادویات تقسیم کیں۔ادھر متعدد سیاسی و سماجی کارکنوں نے سرکار سے ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں پھنسے گوجر بکروال کنبوں و بھیڑ بکریوں کے ساتھ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی سرکار سے مانگ کی ہے۔اپنے الگ الگ بیان میں سابق وزراء غلام محمد سروڑی، سجاد احمد کچلو، عبدالمجيد وانی ،نیشنل کانفرنس بلاک صدر رفیع چوہدری نے انتظامیہ سے برف متاثرہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے و مال مویشیوں و بھیڑ بکریوں کے ساتھ افراد کو صیح سلامت اپنے گھروں میں پہنچانے کے لئے راحت کاری و بچاؤ کاروائی کی مانگ کی ہے۔