اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی و میدانی علاقوں میں مسلسل دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔اس دوران سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ کے مرکزی بازار میں ایک پسی گرنے سے 42سالہ شخص زخمی ہوا ہے جبکہ 3گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا ۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ، ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ و اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر وقفے وقفے سے متعدد مقامات پر پتھر و پسیاں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جنہیں وقتاً فوقتاً ہٹایا گیا تاہم انتظامیہ کی جانب سے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے غیر ضروری سفر کرنے سے احتیاط کرنے و ایمرجنسی سروسز کے لیے کنٹرول روم و ہیلپ ڈیسک کے ساتھ رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔اطلاعات کے مطابق دوسرے روز بھی ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ٹھاٹھری و بھدرواہ کے مضافاتی علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب آ گئے اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ پانی کی کئی سکیمیں پگڈنڈی راستے و متعدد نالوں پر تعمیر کئے گئے لکڑی کے عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے۔ شدید بارشوں سے بجلی کے ترسیلی نظام، درجنوں رہائشی و غیر رہائشی ڈھانچوں و زرعی شعبے کو بھی بھاری نفری نقصان پہنچا ہے۔ادھر سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ کے بازار میں پسی گرنے سے 1شخص زخمی ہوا ہے اور 3گاڑیاں ملبے کی زد میں آئیں ہیں۔اس شخص کی شناخت سنجو کمار (43)ولد جگڑ ناتھ ساکنہ کوٹ بھلوال جموں کے طور پر ہوئی ہے جسے مقامی لوگوں نے سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا ہے جہاں پر اس کی شناخت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام بھی منقطع ہوا ہے اور زرعی شعبہ و تعمیراتی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔موسم کی خرابی کے باعث انتظامیہ نے بھدرواہ چمبہ کی طرف سے منمہیش یاترا کو موسم میں بہتری آنے تک ملتوی کیا ہے اور بھدرواہ میں دو روزے سے پھنسے 500کے قریب یاتریوں بحفاظت چمبہ کی طرف روانہ کیا گیا۔اس دوران ضلع و سب ڈویژنل انتظامیہ نے لوگوں سے موسمی ایڈوائزری پر عملدرآمد کرنے و خراب موسم کے دوران سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔اس سلسلہ میں گندوہ انتظامیہ نے مساجد سے بھی اعلانات کرائے اور لوگوں سے اپنے گھروں میں رہنے کی اپیل کی۔
Box