اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گذشتہ ہفتہ تباہ کن بارشوں سے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ میں وسیع پیمانے پر زرعی شعبے، رہائشی و غیر رہائشی مکانات ،پانی ،بجلی و سڑک نظام کو نقصان پہنچا ہے اور درجنوں مقامات پر تعمیر کئے گئے پل و پگڈنڈی راستے تباہ ہوئے ہیں۔ اس دوران پانچویں روز سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ میں موبائل نیٹ ورک بحال کیا گیا تاہم انٹرنیٹ کی رفتار سست روی کا شکار ہوئی ہے اور جیو سروس ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔اطلاعات کے مطابق جمعہ و ہفتہ کی شب بھدرواہ و بھلیسہ میں دوبارہ شدید بارشیں ہوئیں اور متعدد علاقوں میں بادل پھٹنے کے واقعات پیش آئے تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے البتہ بھاری پیمانے پر زرعی شعبہ، پھلدار درختوں و فصلوں کو نقصان پہنچا ۔اس دوران بھدرواہ کے بھیجہ میں درجنوں رہائشی مکانات بادل پھٹنے سے تباہ ہوئے ہیں۔اے ڈی سی بھدرواہ سنیل بھٹیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ روز بادل پھٹنے کے واقعات سے لور بھیجہ میں 7رہائشی مکانات منہدم ہوئے ہیں اور جزوی طور پر درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا متاثرہ کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔چھٹے روز بھی بلاک چنگا، گندوہ ،جکیاس ،چلی ،کاہرہ ،بونجواہ، چرالہ، بھالہ و بھدرواہ کے درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر رہا۔ضلع کے مختلف علاقوں سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کوئی بھی گاؤں محفوظ نہیں ہے اور ہر گھر و بستی کے نزدیک پسیاں گرنے ،زمینیں دھنسنے، پہاڑی کھسکنے و پتھر آنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور ندی نالوں کے نزدیک سینکڑوں کنال اراضی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے۔ایڈیشنل ڈی سی ڈوڈہ انل کمار ٹھاکر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی کام شروع کیا ہے اور تقریباً ستر فیصد دیہات میں بجلی و سڑک بحال کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری مشینری کو متحرک بنا کر متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے اور نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔