اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں آج دوسرے روز بھی وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے. اس دوران بیشتر علاقوں میں پانی، بجلی و سڑک نظام کی بحالی کا کام بھی متاثر ہوا. اطلاعات کے مطابق اتوار کو ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری و دیگر مضافات میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب ہوئے اور ندی نالوں میں طغیانی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا. حالیہ تباہ کن بارشوں سے پہلے ہی پانی کی اسکیموں و بجلی کے ترسیلی نظام کو بھاری نقصان پہنچا ہے. ادھر بھدرواہ میں پانی کی کمی کو لے کر لوگ سڑکوں پر نکل آئے. گندوہ، چلی پنگل ،کاہرہ میں بھی پانی کے صاف پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے. اس دوران تحصیل چلی پنگل کے گاؤں چنمپل امرئی میں بجلی و سڑک کی بحالی کا کام جاری رہا. سابق بی ڈی سی چیئرپرسن کاہرہ فاطمہ فاروق وہ سابق بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے انتظامیہ سے سیلاب متاثرہ علاقوں پانی، بجلی و سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی و سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنے کی مانگ کی ہے.