عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//ضلع انتظامیہ کی ہدایات پر ڈوڈہ شہر میں قائم مٹن اور چکن فروخت کرنے والی دکانوں کی مشترکہ طور پر تفصیلی جانچ کی گئی۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ کی ہدایت پر انجام دی گئی تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران عوام کو صاف، معیاری اور صحت بخش گوشت کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔جانچ مہم چیف اینیمل ہسبنڈری آفیسر اور ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر پر مشتمل ٹیم نے انجام دی۔ حکام نے دکانوں میں صفائی ستھرائی، فروخت کئے جانے والے گوشت کے معیار، ویٹرنری اور عوامی صحت سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل درآمد اور مویشی مصنوعات کی فروخت سے متعلق سرکاری قوانین کی پاسداری کا جائزہ لیا۔معائنہ کے دوران دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ دکانوں میں مناسب صفائی برقرار رکھیں، گوشت کی محفوظ طریقے سے ہینڈلنگ اور ذخیرہ کو یقینی بنائیں اور حکومتی ضوابط پر سختی سے عمل کریں تاکہ صارفین کی صحت کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔
حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گوشت دھونے کے لئے صاف پانی استعمال کیا جائے اور فضلہ کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔افسران نے دکان مالکان کو جانوروں کے باقاعدہ طبی معائنہ اور متعلقہ محکموں سے لازمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا تاکہ رمضان کے دوران صحت مند گوشت کی سپلائی برقرار رہے۔مشترکہ ٹیم نے واضح کیا کہ مقدس مہینے بھر اس طرح کی جانچ مہم جاری رہے گی اور جہاں بھی خلاف ورزی پائی گئی وہاں قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ بازاروں میں صفائی، معیار اور عوامی صحت کے اصول برقرار رہیں۔