اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سابق وزیر و نیشنل کانفرنس کےسینئر رہنما خالد نجیب سہروردی نے ڈوڈہ اسمبلی حلقہ سے کانگریس و این سی اتحاد کے مشترکہ امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برسوں سے جموں و کشمیر کی عوام گوناگوں مشکلات سے دوچار ہوئی ہے اور 5 اگست 2019 کے بعد ان مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو منسوخ کر کے اسے یوٹی میں تبدیل کیا اور اس کے بعد مہنگائی، بے روزگاری و بے کاری نے عام لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا یہ الیکشن بھی جمہوریت کا ایک راستہ ہے جس کے تحت ہم عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرسکتے ہیں اور عوام کو اس دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس و نیشنل کانفرنس کے اتحاد فرقہ پرست و سماج دشمن طاقتوں کو کمزور بنائے گا اور سیکولر طاقتوں کی جیت ہو گی۔ سہروردی نے اتحادی جماعتوں کے کارکنوں سے متحد ہو کر انتخابات میں حصہ لینے کی اپیل کی۔