اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ٹھاٹھری کلہوتران شاہرہ پر بمو بھٹیاس کے قریب ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں دو نوجوانوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔حادثہ کی وجہ سے دو گھرانوں کو غم و اندوہ کے اندھیروں میں دھکیل دیا۔ عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کے مطابق،ٹاٹا سومو زیر JK06 5339جو ٹھاٹھری سے ملکپورہ کی جانب رواں دواں تھی، دورانِ سفر بمبو بھٹیاس کے مقام پر سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری۔ سومو گاڑی میں صرف دو افراد سوار تھے۔ حادثے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ بیٹھے۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں، تاہم اس وقت تک دونوں افراد کی موت واقع ہو چکی تھی۔جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت بلال احمد ولد غلام محمد ساکنہ تلوگڑہ، عمر تقریباً 30 سال، اور عادل ولد محمد موصا ساکنہ تینساہ، عمر تقریباً 25سال کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لیا اور بعد ازاں قانونی لوازمات مکمل کر کے انہیں ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔