حسین محتشم
پونچھ// منڈی کے علاقہ سیکلو میں ڈوڈہ بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر کی جانب سے ایک اہم عوامی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میٹنگ میں مقامی معززین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور فوج سے سبکدوش ہونے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے علاقے کے عوام اور فوج کے مابین گہرے تعلق کا مظاہرہ ہوا۔اس میٹنگ کا بنیادی مقصد فوج اور مقامی آبادی کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینا اور خطے کے موجودہ حالات کے پیش نظر باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانا تھا۔ کمانڈنگ آفیسر نے اپنے خطاب میں علاقے کے عوام کے ساتھ فوج کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں ان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہمیشہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے اور مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔میٹنگ میں موجود مقامی افراد اورسول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں تعینات فوج کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر مشکل حالات میں فوج کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد اور تعاون کا اعتراف کیا۔ شرکاء نے یقین دہانی کروائی کہ مقامی عوام ہر موقع پر فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔فوج سے سبکدوش ہونے والے افراد نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے فوج اور عوام کے درمیان اعتماد اور رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی عوامی میٹنگوں سے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ ملتا ہے اور غلط فہمیوں کا ازالہ ہوتا ہے۔ڈوڈہ بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر نے اپنے اختتامی کلمات میں ایک بار پھر عوام کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ فوج ہمیشہ علاقے کے عوام کی خدمت کے لئے حاضر رہے گی۔ انہوں نے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔امجموعی طور پر یہ عوامی میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں فوج اور عوام کے درمیان مضبوط رشتے اور باہمی اعتماد کا واضح پیغام دیا گیا۔ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں سرحدی علاقوں میں امن و امان کے قیام اور ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔