ڈوڈہ+کشتواڑ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق ڈوڈہ ضلع کے میدانی علاقوں میں تیز بارش و بالائی علاقوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز موسم ابر آلود رہا اور بعد دوپہر بھلیسہ،بھدرواہ، ٹھاٹھری و ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام تک جاری رہیں۔اس دوران رابطہ سڑکیں زیر آب ہوگئیں جبکہ بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا۔برفباری و بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی اور خطہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ادھرضلع کشتواڑ میں منگل کی صبح شروع ہوئی پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا جو دیر شام تک جاری تھا۔کشمیرعظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع کے بالائی علاقہ جات مڑواہ واڑون ، مرگن، سنتھن ٹاپ، چھاترو، کھواڑہ، پہلگوڑہ، مچیل بونجواہ ، سروڑ و کیشوان میں تازہ برفباری ہوئی جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی جبکہ میدانی علاقوں میں بعد دوپہر جم کر بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ دیرشام تک جاری تھا۔بالائی علاقوں مرگن ، سنتھن ، انشن میں کئی انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ مرگن سڑک پر دوبارہ آمدورفت متاثر ہوئی۔وہیں کئی علاقہ جات میں بجلی بھی غائب رہنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔واضح رہے کہ امسال وقت سے قبل ہوئی بھاری برفباری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے جبکہ کی علاقوں میں میوہ باغات وسڑکوں کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ادھر بانہال سے محمدتسکین کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بانہال اور رام بن کے کئی علاقوں میں منگل کی دوپہر بارشوں کی ہلکی ہلکی پھواریں ہوئیں اور یہ سلسلہ کچھ وقفے کے بعد بند ہوا تاہم مجموعی طور پر منگل کی شام تک مطلع ابرآلود تھا اور سردی میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت معمول کے مطابق جاری رہی اور سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا۔