اشتیاق ملک+ عاصف بٹ
ڈوڈہ +کشتواڑ//ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں آتشزدگیوںکی مختلف وارداتوں میں 4رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے اور لاکھوں روپے کی املاک راکھ کے ڈگھیر میں تبدیل ہوگئیں۔
ڈوڈہ
ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں آتشزدگی کی پراسرار واردات میں 2رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ہیں۔اطلاعات کے ہفتہ کو دوپہر 12بجے کے قریب گندوہ کے بھڑگی گاؤں میں ایک رہائشی مکان سے آگ بھڑک اٹھی اور کچھ ہی لمحوں میں پوری عمارت میں پھیل گئی۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم و فائر بریگیڈ عملہ موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کی تاہم آگ کی بھیانک واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں جس میں بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے۔ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال و ایس ڈی پی او راج کمار کول نے بھی جائے وقوع پر جاکر نقصانات کا جائزہ لیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم نے کہا کہ آگ کی بھیانک واردات میں محمد حنیف ولد غلام قادر وانی و و غلام مصطفی ساکنہ بھڑگی کے دو رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ہیں تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی باز آبادکاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ میں دو الگ الگ مقامات پر آگ کی وارداتوں میں رہایشی مکان خاکستر ہوگے جن میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوا۔ آگ کی واردات دیررات سب ڈویژن چھاترو کے سگدی علاقہ میں رونما ہوئی جب سپنائی گائوں میں واقع اوم پرکاش ولد روپ چند کے رہایشی مکان میں رات قریب دو بجے اچانک آگ نمودار ہوئی۔ آگ کی خبر پھیلتے ہی مقامی لوگوں نے بچائو کاروائی عمل میں لائی اور کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا تاہم دو منزلہ عمارت مکمل طور راکھ میں تبدیل ہوئی جس میں لاکھوں روپے کی املاک جل گئیں۔ادھرسنیچرکی بعد دوپہر آگ کی ایک اور واردات میں رہایشی مکان جل کر خاکستر ہوا ۔یہ واردات ضلع کشتواڑ کے بونجواہ میں پیش آئی جب بونجواہ کے پتنازی کے وارڈ نمبر دو میں سابقہ نمبردار غلام نبی ولد خضر کین کے مکان سے آگ نمودار ہوئی جس میں تین منزلہ عمارت کی دو منزلیں مکمل طور جل گئیںجن میں لاکھوں روپے کا سامان موجود تھا جو جل کر خاکستر ہوا ۔