اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن گندوہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان زخمی و ایک دریا میں بہہ گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز چار بجے کے قریب ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر گندوہ سے بھٹیاس کی طرف جارہی ایک آلٹو گاڑی زیر نمبری JK06B-1008شورن کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کالگونی دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوا جبکہ دوسرا لاپتہ بتایا جاتا ہے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی شخص کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا جبکہ دوسرے نوجوان کی تلاش جاری ہے۔زخمی شخص کی شناخت جتندر سنگھ (25)ولد چندر کانت ساکنہ ڈھوسہ و شبم سنگھ(22)ولد وریندر سنگھ ساکنہ کنڈولو لاپتہ ہوا ہے۔ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زخمی نوجوان کو نزدیکی ہسپتال میں بھرتی کیا گیا جہاں سے ابتدائی علاج کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا ہے وہیں لاپتہ نوجوان کی تلاش جاری ہے۔انہوں کہا کہ گاڑی کالونی دریا میں گری ہے اور خدشہ ہے کہ مذکورہ نوجوان دریا میں بہہ گیا ہے۔ادھررامسو میں پیر کی شام پیش آئے سڑک حادثے میں ایک شخص از جان جبکہ دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رامسو میں نیل لنک روڈ پر پیر کی شام چوپان موڈ باٹوپر ایک ٹپرزیرنمبرJK13D-9799 سڑک حادثہ کا شکار ہواجس کے نتیجے میں دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جن میں ڈرائیور اور ہیلپر شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی پی ایچ سی اکھرال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت ہیلپر شاہد احمد کٹوچ ولد محمد انور ساکن ہال وگن رامسو کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی ڈرائیور کی شناخت بشیر احمدڈینگ ولد غلام رسول ساکن تجنی ہال دھن مستا تحصیل پوگل پرستان اکھرال کے طور ہوئی ہے۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھرریاسی میں منی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں متعدد عقیدت مند زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گاڑی میں کل ملا کر 22یاتری سوار تھے جو کٹرا سے شیو کھوری مندر کی طرف جارہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت ہسپتال میں مستحکم ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔