اشتیاق ملک+محمد بشارت
ڈوڈہ+ریاسی //ڈوڈہ ،ریاسی اور ادھم پور میں چار مختلف سڑک حادثات میں4افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ13افراد زخمی ہوگئے۔بٹوت ڈوڈہ قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں2افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جمعرات کی شام ایک الٹو گاڑی زیر نمبریJK06A-1026 ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر ملہوری کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر دو سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں جوگندر پال ولد بودھ راج و رنجیت کمار ولد سوامی راج ساکنہ پریم نگر کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔اس حادثہ کے فورا بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد انہیں وارثین کے سپرد کیا گیا۔اس سے قبل ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں تیز رفتار گاڑی نے ایک عمر رسیدہ شخص کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کی سہ پہر بھدرواہ بھالہ کے نزدیک سینائی کے مقام پر نامعلوم گاڑی نے ایک عمر رسیدہ شخص کو ٹکر ماری جو کہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مہلک شخص کی لاش کو بھدرواہ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس کی شناخت پچاس سالہ میر دین ولد علیا موچی ساکنہ ماسری تحصیل و ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ادھرریاسی ضلع کی ٹھکرا کوٹ تحصیل میں ایک موٹر سائیکل کو پیش آئے حادثے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تاہم دوسرا شدید زخمی ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ شراب کی دکان سے شراب فروخت کر کے گھر جارہے ایک موٹر سائیکل کو ایک حادثہ پیش آیا جس کے دوران موٹر سائیکل ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے ایک موٹر سائیکل سوار کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا ۔مرنے والے کی شناخت بابو رام ولد چنی لعل عمر 36برس کے طورپر ہوئی ہے جبکہ زخمی شخص کی شناخت انگریز سنگھ ولد چتر سنگھ سکنہ طولی تحصیل چسانہ کے طورپر ہوئی ہے ۔ دریں اثناء ادھم پور ضلع کے پنج گرائیں علاقے میں جمعرات کو ایک منی بس کے کچھوے کے الٹ جانے سے 12 افراد زخمی ہو گئے ۔حکام نے بتایا کہ ادھم پور میں منی بس ڈرائیور نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیا، جو پھر سڑک سے پھسل کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار12 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، کوہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔