عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سویپ کے تحت ڈوڈہ ،رام بن ،ادھم پور اور سانبہ میں ووٹر بیداری مہم چلائی گئی۔
ڈوڈہ
سویپ کے تحت ضلع بھر میں ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جو نوجوان ذہنوں کو شامل کر کے انہیں جمہوری عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دے رہی ہیں۔ان تقریبات میں ثقافتی پرفارمنس کا ایک سلسلہ پیش کیا گیا، جس میں گانے، رقص، اسکیٹس، کوئز اور مباحثے شامل تھے، یہ سب انتخابی شرکت اور شہری مصروفیت کے موضوع پر مرکوز تھے۔مختلف اسکولوں کے طلباء جوش و خروش سے سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، اپنی صلاحیتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ووٹنگ کی اہمیت اور جمہوری عمل کے بارے میں سیکھ رہے ہیں۔
رام بن
ووٹر بیداری کی جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پرسسٹمیٹک ووٹرز کی تعلیم اور انتخابی شرکت پروگرام کے تحت کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔بانہال حلقہ میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چملواس میں ایک میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔بانہال کی سویپ ٹیم نے بھی اس پروگرام میں کلیدی کردار ادا کیا، جس نے ووٹروں کو تعلیم دینے اور مشغول کرنے کی اجتماعی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالا۔اس پروگرام میں ممتاز شہریوں، خواتین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سبھی نے انتخابی عمل میں دلچسپی ظاہر کی۔
ادھم پور
ڈسٹرکٹ الیکشن سیل ادھم پور نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول سلمڑھی میں سسٹمیٹک ووٹرز کی تعلیم اور انتخابی شرکت پروگرام کے تحت ووٹر بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔پریتی شرما، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر اور نوڈل آفیسر سویپ مہمان خصوصی تھے جبکہ نریندر موہن سوری، سی ای او ادھم پور مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں موضوعاتی ثقافتی پرفارمنس اور مہندی ڈیزائن کا مقابلہ بھی پیش کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے بعد ڈسٹرکٹ الیکشن سیل کی جانب سے سپورٹس سٹیڈیم ادھم پور میں میوزیکل چیئرز گیم کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء اور دیگر سٹیک ہولڈروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہائی سکول سورنی میں ایک مؤثر سویپ پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں مستقبل کے ووٹرز سمیت تقریباً 300افراد شامل تھے۔سویپ کے نوڈل آفیسررام نگر، راکیش کمار (لیکچرر آف فزیکل ایجوکیشن) نے ووٹروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ نہ صرف آئندہ انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں بلکہ اپنی برادری کے دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔ نائب تحصیلدار دلسر اور ہیڈ ماسٹر ہائی سکول سورنی نے بھی اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس پیغام کو اپنے گاؤں اور بستیوں تک پہنچائیں اور اپنے والدین اور رشتہ داروں کو آگاہ کریں۔
سانبہ
سانبہ میںووٹروں کی بیداری کو فروغ دینے اور انتخابی حصہ داری بڑھانے کے لیے ایک بائیک ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی کو اے ڈی سی جگدیش سنگھ نے ایس ڈی ایم وجئے پور امیش شرما اور تحصیلدار باری برہمانا، پونیکا کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریلی سمیل پور گراؤنڈ سے شروع ہو کر سانبہ کے بڑی برہمنہ کے بدھوری گراؤنڈ میں اختتام پذیر ہوئی۔ادھرہیرانگر میںاسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر ہیرا نگر شریا شرما نے اس سیشن کی صدارت کی، جہاں بی ایل اوزنے آنے والے انتخابات میں ووٹروں کی شرکت کو نمایاں طور پر بڑھانے کے مقصد سے اختراعی خیالات اور اسٹریٹجک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بی ایل اوز نے ووٹرز کی شمولیت اور حوصلہ افزائی کے لیے قابل عمل اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔