ایم ایم پرویز
رام بن//ابر آلود آسمان اور خشک موسم کی وجہ سے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع شدید سردی کی زد میں ہیں اور اتوار کو جموں کے چناب خطے کے الگ تھلگ مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلا گیا ۔ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع کے پہاڑی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں کیونکہ سردی اور خشکی کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانہال، پاڈر، کشتواڑ، گول، بھدرواہ، بٹوت، پٹنی ٹاپ، سناسر علاقوں میں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔بانہال میںمنفی1.3، بھدرواہ میں 0.8اور پاڈر میںمنفی5.7ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔کشتواڑ، رام بن اور ڈوڈہ میں دن کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سے نیچے آ گیا۔بانہال جواہر ٹنل، مہو، منگت، سناسر، پٹنی ٹاپ کے کچھ حصے شدید سرد موسم کی وجہ سے جم گئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹاؤن رام بن کا دن کا درجہ حرارت تاہم 5ڈگری سیلسیس رہا۔بانہال، پٹنی ٹاپ، سناسر، پاڈر، بھدرواہ علاقوں میں کل رات سب سے کم ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ رات کا درجہ حرارت ہر گزرتے دن میں گرتا جا رہا ہے۔گرتے ہوئے درجہ حرارت نے لوگوں کو بھاری اونی، بلیزر اور سکارف پہننے پر مجبورکیاہے کیونکہ چناب کا پورا خطہ سردی کے دنوں کا مشاہدہ کر رہا ہے۔علاقے دھند کی چادر میں ڈھکے ہوئے ہیں اور ٹھنڈی ہوا کی زد میں ہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس سے نیچے دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چناب ریجن کے بیشتر مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 10ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت معمول سے کم تھا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک دھند کے ساتھ موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔دریں اثناء سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول پر رہی لیکن رام بن۔بانہال، قاضی گنڈ، جواہر ٹنل سیکٹروں پر الگ تھلگ مقامات پر دھند، کم بصارت، پھسلن کی صورتحال کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت سست رہی۔جموں جانے والی گاڑیاں اتوار کو چنانی-ناشری سرنگوں تک دیر سے پہنچیں۔