ڈوڈہ//خطہ چناب کے اہم قصبہ جات میں ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کے لئے مختلف سطحوں پر کی جانے والی کوششوں کے خلاف آج یعنی ہفتہ کے روز بند کی کال دی ہے ۔ جہاں بھدرواہ، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی ہے وہیں ضلع رام بن کے بانہال اور کھڑی و دیگر قصبہ جات میں اگر چہ کوئی کال نہیں دی گئی ہے تاہم یہاں ماضی میں کسی کال کے بغیر وادی کشمیر کے ساتھ بند رکھنے کی روایت چلی آر ہی ہے ۔ ڈوڈہ میں سنیچر وار کو مکمل بند کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی سیرت کمیٹی چیئرمین خالد نجیب سہروردی نے کہا کہ یہ معاملہ کسی فرقہ یا مخصوص طبقہ کا نہیں ہے بلکہ دفعہ 370 اور اس میں دفعہ 35-A کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور یہ احتجاجی بند خود ہم سب کے حقوق کی حفاظت کے لئے ہیں۔ا±نہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست کی صورت حال تشویش ناک ہے لہذا ریاست کے دیگر حصّوں کی طرح ڈوڈہ خطہ میں بھی لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے حقوق کی حفاظت کے لئے اِس احتجاجی ہڑتال میں شامل ہو جائیں۔بھدرواہ میں انجمن اسلامیہ نے ہفتہ کے روز مکمل بند رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اس کے انتہائی خوفناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ خطہ چناب کے عوام خصوصی درجہ کو ختم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف جدوجہد کریں گے اور اس کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں۔ کشتواڑ کے امام جامع فاروق احمد کچلو نے بھی آج یعنی 12اگست کو آئین کی دفعہ 35Aکو منسوخ کرنے کے خلاف بطور احتجاج بند ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ریاست کے درجہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کے خلاف منظم تحریک چلانے کی بات کہی ہے ۔ دریں اثنا چناب ویلی ٹریڈرز ایسو سی ایشن کشتواڑ کے جنرل سیکرٹری ارشد گیری نے امام جامع کی جانب سے دی گئی کال کی حمایت کرتے ہوئے تمام دکانداروں ، تاجروں اور دیگر متعلقین سے بند رکھنے کی اپیل کی۔