کنگسٹن، 14 جون ( یو این آئی) 2014 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں 400 میٹر ہرڈل ریس کی چیمپئن جمیکا کی دھاوکا کیلس اسپینسر ڈوپ ٹیسٹ میں بری ہو گئی ہیں اور اب وہ فوری طور پر مختلف مقابلوں میں حصہ لے سکیں گی۔۔30 سالہ اسپینسر کے ڈوپ ٹیسٹ کے معاملے کی سماعت ایک تین رکنی آزاد پینل نے کی۔ پینل کی صدارت کر رہے اٹارنی کینٹ گیمن نے اسپینسر کے بری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسپینسر پر الزام طے کرنے والا جمیکا اینٹی ڈوپنگ کمیشن اس بات کو ثابت نہیں کر پایا ہے کہ اسپینسر کا ڈوپ ٹیسٹ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے قوانین کے تحت کیا گیا تھا۔ گیمن نے معاملے کی دو روزہ سماعت مئی میں جمیکا کانفرنس سینٹر میں کی تھی۔ گیمن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ معاملے کی سماعت کے بعد ہم اس بات پر متفق نہیں ہیں کہ اسپینسر نے اینٹی ڈوپنگ شعبہ جاتی کمیشن قوانین کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کی تھی۔ا سپینسر کے ڈوپ ٹیسٹ میں بری ہونے کا مطلب ہے کہ ان پر عائد چاربرس کی پابندی ختم ہو گئی ہے اور وہ اب فوری طور پر مختلف مقابلوں میں حصہ لے سکتی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد 2009 کی عالمی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی سپینسر ابھی 22 سے 25 جون تک ہونے والی جمیکا کی قومی سینئر چیمپئن شپ میں حصہ لے سکیں گی۔ اس چیمپئن شپ سے چار سے 13 اگست میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ کے لئے کیریبین ٹیم کو منتخب کیا جائے گا۔یواین آئی۔