عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر حکومت نے سرکاری طور پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجرا کی سروس کو ‘سروس پلس’ پورٹل سے ‘جن سوگم’ پورٹل پر منتقل کر دیا ہے۔محکمہ محصولات نے ایک حکم نامے میں کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنروں کو بھیجی گئی ہدایت کے مطابق، جاری کرنے والے حکام بشمول تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام نئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی درخواستوں پر خصوصی طور پر جن سوگم پورٹل کے ذریعے کارروائی کریں۔ پہلے کے سروس پلس پورٹل کے ذریعے کوئی نئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔حکومت کے انڈر سکریٹری آفاق احمد کے ذریعہ جاری کردہ حکم میں مزید درخواست کی گئی ہے کہ شفافیت اور رسائی کے لیے اس پورٹل کی تبدیلی کے بارے میں عام لوگوں کو مطلع کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔اس تبدیلی کا مقصد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے خدمات کو ہموار کرنا اور ترسیل کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔