کپوارہ// ترہگام کے مضافاتی گاﺅ ں ڈولی پورہ سرکار کی نظروں سے اوجھل ہے اور یہا ں لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔مقامی لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے ڈولی پورہ سے5کلو میٹر پیدل سفر کر کے ترہگام پہنچ کر کپوارہ کرالہ پورہ شاہراہ پر دھرنا دیکر سرکار کے خلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہا کہ سرکار نے ڈولی پورہ کی خوبصورت بستی کونظر نداز کیا ہے اور دور جدید میں بھی لوگو ں کو طرح طرح کے مشکلات ہیں ۔مظاہرین نے کہا کہ ڈولی پورہ میں پینے کا صاف پانی ،بجلی اور سڑک رابطہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگو ںکو سخت مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہا ں کے لوگ بہتر طبی امداد کے لئے بھی ترس رہے ہیں ۔جمعرات کو ڈولی پورہ کے لوگ ترہگام چوک میں دھرنے پر بیٹھ گئے اور انوکھا احتجاج کیا ۔ڈولی پورہ کی خواتین نے ہاتھو ں میں پانی کے خالی مٹکے اٹھائے تھے اور شکایت کر رہی تھیں کہ وہ پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں آج بھی سڑک رابطہ نہیں ہے اورنہ ہی بجلی کا کوئی معقول انتظام ہے ۔اس دوران تحصیلدار ترہگام غلام محی الدین جائے موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی مظاہرین کو یقین دلا یا کہ وہ ان کے مسائل اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لائیں گے اور ان مسائل کا حل ڈھو نڈ نے کے لئے پوری کوشش کی جائے گی ۔