اننت ناگ // جنوبی ضلع اننت ناگ کے ڈورو شاہ آباد علاقے میں ایک سرکاری پرائمری سکول کے بچوں نے جمعرات کو والدین کے ہمراہ اسکولی عمارت کی عدم دستیابی کی وجہ سے سکول کو دوسرے گاوں منتقل کرنے کیخلاف ایس ڈی ایم آفس ڈوروکے سامنے احتجاج کیا۔
احتجاجی والدین کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم نے انکے گاوں میں قائم اسکول کو قریباً 1 کلو میٹر دور قائم دوسرے اسکول میں منتقل کیا ہے جس کی وجہ سے ان کے بچوں کو پر خطر راستے سے اسکول جانا پڑتا ہے جہاں جنگلی جانور اکثروبیشتر منڈلاتے رہتے ہیں۔
بچوں اور والدین نے مانگ کی کہ مذکورہ اسکول انہی کے گاوں میں قائم کیا جائے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس سکول کو ششترگام گاوں، جہاں یہ ایک کرایہ کے مکان میں قائم تھا، سے سنچک گاوں منتقل کیا گیا ہے۔
جب کشمیر عظمیٰ نے اس ضمن میں زونل ایجوکیشن آفیسر قاضی گنڈ سے استفسار کیا تو اُنہوں نے کہا کہ اس ا سکول کو عمارت دستیاب نہ ہونے کے سبب منتقل کرنا پڑا ہے تاہم بچوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ پر نظرثانی کی جائے گی۔