سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن میں واقع ڈنڈسر گاؤں میں سیکورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کا آپریشن شروع کیا ہے۔یہ کارروائی علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی مخصوص اطلاع ملنے کے بعد شروع کی گئی۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر پولیس، اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کی ٹیمیں علاقے میں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ فورسز نے پہلے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور بعد ازاں خاص طور پر گاؤں کے جنگلاتی حصے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔یہ آپریشن آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2023 میں سیکورٹی فورسز نے ڈنڈیسر کے قریب لمبیڑی علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ ہتھیار ڈرون کے ذریعے گرائے گئے تھے۔