عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری نے شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خوبصورتی کو تیز کرنے کے لئے سری نگر کے مختلف سمارٹ سٹی لمیٹڈ پروجیکٹوں اور براہ راست منسلک محکموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے کل یہاں ایک میٹنگ طلب کی۔صوبائی کمشنر نے ٹریفک کی روانی کو منظم کرنے اور عوامی املاک کو نقصانات کا پتہ لگانے کے لئے 63جنکشنوں پر نصب تمام آئی ایم ٹی ایس کیمروں کو جلد اَز جلد چلانے پر زور دیا۔ میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ 63 جنکشنوںمیں سے 49 جنکشنوں پر تقریباً 1,100 کیمرے کام کر رہے ہیں۔ میٹنگ کو ایم اے روڈ پر جاری مرمتی کام اور دیگر زیر اِلتوأ کاموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور بقیہ کام آنے والے دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔
صوبائی کمشنر موصوف نے سڑک پر کام کو تیز کرنے پر زور دیا کیوں کہ سڑک کو حتمی شکل دینے میں بہت زیادہ وقت صرف ہوا۔اُنہوں نے نہرو پارک میں کاموں کو مکمل کرنے کے لئے متعلقہ افسران پر زور دیا اور ساتھ ہی اُنہوں نے سنگرمال میں بائیں جنکشن کے موڑ کا دائرہ بڑھانے کی ہدایت دی۔اِسی طرح صوبائی کمشنر نے ہیٹ ٹرک چوک پر پارکنگ ائیریا کی ترقی اور یہاں بیت الخلاء بلاکوںکی تکمیل کی ہدایت دی۔ مزید برآں، جہانگیر چوک پر ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جہاں صبح اور شام کے اَوقات میں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے فورشور روڈ کے اطراف کی پینٹنگ، فٹ پاتھوں کی دیکھ دیکھ اور سائیکل یارڈ کے قیام کی بھی ہدایت دی ۔صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کماربِدھوری نے ڈل جھیل، عبداللہ برج اور بڈشاہ برج کو رات کے وقت روشنیوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے متحرک بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے جھیل کو صاف ستھرا رکھنے، سیاحوںکو راغب کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مختلف کھیل سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت دی۔