سرینگر// حکام نے جی20ٹورازم ورکنگ گروپ کی میٹنگ سے قبل ڈل جھیل کو صاف کرنے کیلئے ’آل اسٹاپ کلین اپ ‘مہم شروع کردی ہے ، جس میں 500 مزدور آبی ذخائر کو دلکش بنانے کیلئے’مشن موڈ‘کے تحت مصروف عمل ہیں۔خیال رہے جی20 کے سیاحتی ورکنگ گروپ کا اجلاس22 سے 24 مئی تک ڈل جھیل کے کنارے واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں منعقد ہونے والا ہے۔اس بین الااقوامی ایونٹ کے سلسلے میں جھیل کی صفائی مہم زوروں پر ہے۔لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی (LCMA) ، جو ڈل جھیل سمیت آبی ذخائر کو صاف رکھنے کی ذمہ دار ہے، نے صفائی کے عمل کیلئے آدمی اور مشینری تعینات کر دی ہے۔ اتھارٹی نے ڈل جھیل کی صفائی اور مہمانوں کیلئے اسے خوبصورت بنانے کیلئے میکنیکل طریقے استعمال کر رہی ہے۔ایل سی ایم اے کے وائس چیئرمین بشیر احمد بٹ نے کہاکہ مرکزی تقریب ڈل جھیل کے ارد گرد ہو رہی ہے اسلئے اس مشہور آبگاہ کو خوبصورت اور پرکشش بنانے کی مہم جاری ہے۔ بشیر احمد بٹ نے کہا کہ خوبصورتی عمل کیلئے اتھارٹی مشینوں کا استعمال کر رہی ہے اور یہ کام ڈبل شفٹوں میں شروع کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس مہم کو ایک مشن موڈ کے تحت شروع کیا گیا ہے، نہ صرفG20 ایونٹ کیلئے بلکہ آنے والے سیاحتی سیزن کیلئے بھی۔انہوںنے مزید کہاکہ ’ہم جھیل کو صاف رکھیں گے اور مجھے امید ہے کہ ہمارے مہمان جھیل کو دیکھ کر خوش ہوں گے‘۔انہوںنے کہا کہ تقریباً 400سے500 مزدور روزانہ ڈل جھیل کی صفائی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ساحلوں کے قریب بھی ڈریجنگ جاری ہے ۔بٹ نے کہا کہ جی 20 ایونٹ کے لیے جھیل کو ایک خاص شکل دینے کیلئے لائٹنگ سسٹم بھی نصب کئے گئے ہیں۔جے کے این ایس