اظہر رفیقی
سرینگر// عدالت عالیہ نے بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ایم ایل سی اجات شترو سنگھ کے خلاف درج ایف آئی کے تحت قانون کی رو سے کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے ۔عدالت عالیہ نے پی ڈی پی وزیر عمران رضا انصاری کی جانب سے مبینہ طور لائوڈا آفیسر کے ساتھ زیادتی کی شکایت پر جاری تحقیقات کی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم صادر کیا ۔ڈل جھیل کے تحفظ سے متعلق زیر سماعت مفاد عامہ عرضی پر کارروائی کرتے ہوئے جسٹس مظفر حسین عطار اور جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ایم ایل سی اجات شترو سنگھ کے خلاف سونہ وار علاقے میں غیر قانونی طور تعمیر کھڑی کرنے پررام منشی باغ پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر زیر نمبر95/2016پر قانون کی رو سے کارروائی شروع کرنے کا حکم صادر کیا ۔اس دوران اجات شترو سنگھ کی طرف سے پیش ہوئے وکیل نے ڈویژن بنچ کے پاس یہ درخواست پیش کی کہ ان کے مئوکل کی جانب سے اس مقام پر تعمیر کھڑی نہیں کریں گے اور عدالتی احکامات کی سو فیصد تعمیل کریں گے ۔ڈویژن بنچ نے واضح الفاظ میں کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی ۔اس موقعے پر ریاستی وزیر برائے یوتھ اینڈ سپورٹس عمران رضا انصاری کے خلاف لائوڈاانفورسمنٹ آفیسر کے ساتھ مبینہ طور ہتک آمیز سلوک کے حوالے سے ایک ریتائرڑ سیشن جج کے ذریعے تحقیقات کرانے سے متعلق ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت عالیہ کو یقین دلایا کہ اس معاملے میں ایک ہفتے کے اندر ہی عمل درآمد کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک اس حوالے سے عدالتی احکامات کے بارے میں ریاستی چیف سیکریٹری کو مطلع نہیں کیا جاسکا ہے اور اس حوالے سے تعمیلی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر رجسٹرار جوڈیشل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔اس معاملے میں ڈویژن بنچ نے انکوائری آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ 5ہفتوں کے اندر تحقیقات مکمل کرکے اسکی رپورٹ مہر بند لفافے میں رجسٹرار جوڈیشل کے سامنے پیش کریں ۔مفاد عامہ عرضی کے دوسرے پہلوئوں پر سماعت عمل میں لاتے ہوئے ڈویژن بنچ نے ہوٹل گرینڈ پیلس کے نام وجہ بتائو نوٹس جاری کی جس میں ہوٹل منتظمین سے کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی عدم تعمیل پر ان کا ہوٹل کیوں نہ سر بمہر کیا جائے ۔مذکورہ ہوٹل منتظمین سے کہا گیا تھا کہ وہ ایس ٹی پی دوسری جگہ منتقل کریں اور اس ضمن مین پلیوشن کنٹرول بورڈ نے ہوٹل انتظامیہ کے نام نوٹس بھی جاری کی تھی۔اس موقعے پر عدالت عالیہ نے اپنے معاون وکیل (Amicus)ایڈوکیٹ ظفر احمد شاہ سے کہا ہے کہ مانیٹرنگ کمیٹی کی تمام طے میٹنگوں میں شرکت کریں تاکہ حکومت اس معاملے میں مزید اقدامات کرسکیں خصوصا ڈل جھیل اور دیگر آبی ذخائر کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات عمل میں لائے جاسکیں ۔اس موقعے پر عدالت عالیہ کو رکھ آرتھ کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی