سرینگر//شہرہ آفاق ڈل جھیل کی صفائی کے دوران لاوڈا کی جانب سے جے سی بی کے استعمال سے فٹ پاتھ اورجھیل کے گرد پتھروں سے بنے تھڑے تباہ ہونے سے جھیل کی خوبصورتی متاثر ہورہی ہے ۔ ایس کے آئی سی سی کے متصل ڈل جھیل سے گھاس نکالنے کے دوران جے سی بی کے استعمال سے جہاں ڈل کے فٹ پاتھ خراب ہورہے ہیں وہیں تھڑے بھی کئی مقامات پر ٹوٹ گئے ہیں جس پر عوام نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس طرح کے عمل کو فوری طور روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مقامی شہری جاوید احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ڈل جھیل کے آس پاس اور شہر کے دیگر مقامات سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد صبح یہاں سیر وتفریح کے لئے آتے ہیں تاہم کئی مقامات پر فٹ پاتھ پر کوڈا کرکٹ اور گھاس پھوس کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے سخت بد بوپیدا ہوگئی ہے جس نے مقامی لوگوں کے علاوہ بھارت کے مختلف ریاستوں اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے سیاحوں کا چلنا پھرنا مشکل بنا دیا ہے۔جاوید احمد نے بتایا کہ سیاح جھیل ڈل،تازہ ہوا اور خوشگور موسم کا لطف اٹھانے کے لئے آتے ہیں مگر ڈلگیٹ سے نہروپارک تک جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جس سے سیاحوںکو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جاوید احمد نے کہا کہ فٹ پاتھ پر گھاس اور کوڑا کرکٹ جمع رہنے سے شہری فٹ پاتھ کی جگہ سڑک کے کنارے پیدل سفر کرتے ہیں اور گاڑیوں کی آمدورفت سے حادثات کا خدشہ ہے ۔ عرفان احمدنامی ایک اور مقامی شہری نے بتایا ’’ڈل جھیل سے گھاس نکالنے کے دوران جے سی بی کے استعمال سے حکومت کی لاکھوں کی املاک تباہ ہوگئی ہے جبکہ ڈل جھیل کی خوبصورتی بھی اب آہستہ آہستہ ختم ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاوڈا کو ڈل جھیل سے گھاس اورکوڈا کرکٹ نکالنے کے لئے ایک مخصوص مقام قائم کرنا چاہئے جہاں پر جے سی بی کے بجائے مزدوں کی مدد سے جھیل کی صفائی کی جائے تاکہ فٹ پاتھ اورتھڑے محفوظ رہ سکیں۔