سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے کہا ہے کہ ڈل باسیوں کی باز آباد کاری کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈل کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے شروع کئے گئے پروگرام کے تحت کئی ڈل باسیوں کی جائیدادیں سرکار نے حاصل کی ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کل ایک میٹنگ کے دوران ڈل باسیوں کی باز آباد کاری کے لئے شروع کئے گئے پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں مکانات و شہری ترقی کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، وی سی لاؤڈا تحسین مصطفی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ڈل باسیوں کی باز آباد کاری کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور دُور کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکار ان لوگوں کی باز آباد کاری کے لئے وعدہ بند ہے۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے رکھ ارتھ کالونی کو فروغ دینے کے کام میں بھی تیزی لانے کے احکامات دیئے گئے تا کہ وہ لوگ اپنے مکانات تعمیر کرسکیں جن کو اس کالونی میں زمیں فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کالونی میں تمام سہولیات مہیا رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متواتر بنیادوں پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی میٹنگیں منعقد کرانے کے احکامات دیئے تا کہ حصولیابی کے معاملات جنگی بنیادوں پر حل کئے جاسکیں اور ڈل باسیوں کو مطلوبہ معاوضہ فراہم کی جاسکے۔انہوںنے اس سلسلے میں ضروری کاغذات اور دستاویزات کی جانچ کرانے کے واضح احکامات دیئے۔ ڈل باسیوں کے نمائندوں کے مطالبات کے رد عمل میں نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسروں کو ان علاقوں کے لوگوں کو قومی شہری لائیولی ہُڈ مشن کے تحت روز گار فراہم کرنے کے احکامات کا جائیزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس ضمن میں متعلقہ حکام کے صلاح و مشورے سے ایک جامع رپورٹ تیار کرنے کے لئے بھی کہا۔