سرینگر//سرینگر کے ڈلگیٹ سے ہارون، نشاط، شالیمار اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لئے سرشام ہی عوامی ٹرانسپورٹ غائب ہوجانے سے سینکڑوں افراد کو گھر پہنچے میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ فقیر گوجری، تھید، درباغ، ہارون، شالیمار،تیل بل برین، نشاط سمیت دیگر علاقوں کو جانے والا پبلک ٹرانسپورٹ اندھیرا چھاجانے پہلے ہی سڑکوں پر غائب ہوجانے سے سینکڑوں مقامی آبادی کو شام کو منزل مقصود تک پہنچنے میں کافی دشواری پیش آتی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہارون اور اس سے ملحقہ علاقوں جن میں فقیر گوجری، تھید، درباغ ،شالیمار ،تیل بل ،برین، نشاط، سمیت دیگر علاقوں کے لئے اندھیرہ ہونے سے قبل ہی ڈلگیٹ سے پبلک ٹرانسپورٹ میٹاڈاراور سومو ملنی ناممکن ہوجاتی ہے جس کے سبب سینکڑوں افراد جن میں سرکاری ملازمین، طلبا ،تجارت پیشہ افراد خاص کر سرینگر کے مختلف مقامات پر سیلزمین کے طور پر کام کرنے والے افراد کو گھر پہنچے میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لام برین کے محمد افضل ریشی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ نماز مغرب سے پہلے ہی ڈلگیٹ سے ہارون اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ ملنا مشکل ہوجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ متعدد بار کمرشل ٹرانسپورٹ کے حکام،ضلع انتظامیہ، اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی توجہ اس جانب مرکوز کرائی گئی لیکن حکام نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔