عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے کہا ہے کہ ڈل گیٹ سے جہانگیر چوک تک متوازی فلائی اوئور کے امکانات کامطالعہ یا موزونیت کی جانچ مکمل ہو چکی ہے، اور تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ بیان قانون ساز اسمبلی میں ممبراسمبلی تنویر صادق کے ایک سوال کے جواب میں دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کے وزیر انچارج ہیں، نے کہا کہ ڈل گیٹ،جہانگیر چوک فلائی اوئور کیلئے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہو چکی ہے، اور اس کی ڈی پی آر کی فی الحال تشخیص کی جا رہی ہے۔تاہم، حکومت نے اس دعوے کی تردید کی کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت مولانا آزاد روڈ کو تنگ کرنے سے بھیڑ میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی دوران، محکمہ نے کہا کہ دریائے جہلم پر شیروانی روڈ کے راستے مولاناآزاد لنک روڈ تک VOP پل،فلائی اوور کی تعمیر کے لیے ڈی پی آر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔