عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ // ڈسٹرکٹ بارہمولہ میں کیرم چیمپئن شپ سنیچر کو انڈور سٹیڈیم خواجہ باغ میں اختتام پذیر ہوئی جس میں چار زمروں یعنی کیڈٹس، سب جونیئر، جونیئر اور سینئر، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے تقریباً 100 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بارہمولہ الطاف احمد خان تھے جنہوں نے فاتح، رنر اپ اور تیسرے نمبر پر آنے والوں میں اسناد اور تمغے تقسیم کئے۔ ان کے ساتھ عادل رشید شاہ، صدر جے اینڈ کے کیرم ایسوسی ایشن، شوکت احمد، منیجر انڈور اسٹیڈیم بارہمولہ، آرگنائزنگ سکریٹری محترمہ زبیدہ احد اور ڈسٹرکٹ بارہمولہ کیرم ایسوسی ایشن کے دیگر معزز ممبران بھی موجود تھے۔مہمان خصوصی کا خیرمقدم کرتے ہوئے، عادل رشید شاہ نے تمام جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ UT سطح اور قومی چیمپئن شپ کے لیے مزید سخت تربیت کریں۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ جے اینڈ کے کیرم ایسوسی ایشن، اپنی ضلعی اکائیوں اور جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل کے تعاون سے پورے خطے میں کیرم کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔