بلال فرقانی
سرینگر/سرینگر کے مضافاتی علاقے گلاب باغ کی دریا دل کالونی کے مکینوں نے سڑکوں کی خستہ حالی سے پریشان ہوکر حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ2برس قبل علاقے میں نکاس آب کیلئے ڈرین تعمیر کی گئی،اور اس دوران سڑکوں کو بھی کھودا گیا،تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کسی بھی محکمہ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کھودی گئی سڑکوں کو ٹھیک کئے بغیر چھوڑا گیا۔مکینوں نے دعویٰ کیا کہ وہ سڑک کی خراب حالت کے نتیجے میں بے حد تکالیف کا سامنا کر رہے ہیں ۔ انتظامیہ کو ان کی حالت زار کے بارے میںبے پرواہ ہونے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا’’علاقے میں سڑکوں کے انتہائی خراب رابطوں کی وجہ سے ہم مسلسل مشکلات کا شکار ہیں، سڑک پر گہرے گڑھے ہیں جو ہمارے روزمرہ کے سفر کو ایک ڈراؤنا خواب بنا دیتے ہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار حکام کے ساتھ مسئلہ اٹھا چکے ہیں لیکن کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ’’سڑکوں کو اکثر پانی سے بھرا دیکھا جاسکتا ہے، جو لوگوں کے لیے بہت زیادہ چیلنجز کا باعث بنتا ہے اور ساتھ ہی گاڑیوں کی ٹریفک کو کافی حد تک نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سڑک کاکام جنگی بنیادوں پر کیا جائے اور جلد از جلد ان کی مرمت کی جائے۔