سرینگر// منشیات اور دیگر سماجی بدعات کے خاتمے کیلئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی کے ممبران کی مشترکہ کوششوں پر زوردیا ہے ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنا ضروری ہے تاکہ سماج پر اس کے مُضر اثرات حائل نہ ہوں۔انہوںنے منشیات کے پھیلائواورسماجی بدعات کے خلاف سماج کو صف آرأ ہونے پر زوردیا۔صوبائی کمشنرنے منشیا ت کے استعمال کو روکنے کے لئے ایک ڈرگ ڈی ایڈیکشن سیل قائم کرنے کااعلان کیا۔پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج اورمحکمہ تعلیم ،پولیس اورفوڈ سیفٹی وصحت کے آفیسران سیل کی قیادت کریں گے ۔جب کہ تمام سول سوسائٹی کے نمائندے ممبران کے طور پر شامل ہوںگے ۔یہ سیل سات دن کے اندر اندر اپنا کام کاج شروع کرے گی۔سیل کے ہیلپ لائین نمبرات ضلع سطح پر کام کریں گے جو کہ چیف میڈیکل آفیسران کی نگرانی کے تحت کاروائی عمل میں لائیں گے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سکمز میں جدید قسم کا ڈرگ ڈی ایڈیکشن سینٹر قائم ہوگا۔صوبائی کمشنر نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ہدایت دی کہ ڈرائیونگ لائینس اجرأ کرنے سے پہلے میڈیکل آفیسر کی سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا جائے جس میں یہ بات درج کی گئی ہوکہ مذکورہ شخص منشیات کی لت میںمبتلا نہیں ہے۔