سری نگر// کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) وجے کمار نے منگل کے روزکہا کہ 'ڈرون تھرٹ' ایک تکنیکی خطرہ ہے اور اس کا جواب تکنیکی طور ہی دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ” اس سلسلے میں ہم نے ایک میٹنگ بھی کی اور ہم نے پوری تیاری بھی کی ہے“۔وہ حالیہ دنوں جموں خطے میں نمودار ہونے والے ڈرونوں کے بارے میں بول رہے تھے۔
موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار آج پولیس کنٹرول روم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ ملورہ سرینگر میں مارے گئے دو جنگجوشاہراہ پر ایک بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ انہوں نے ابرار ندیم اور اس کے پاکستانی ساتھی مسلم کو جاں بحق کئے جانے کو ایک” بڑی کامیابی“ سے تعبیر کیا۔
انہوں نے ترال میں ایس پی او فیاض احمد ، اُس کی اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت کے واقعہ کے بارے میں بتایا کہ مذکورہ حملہ کرنے والے دو جنگجوﺅں کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کا تعلق جیش سے ہے۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ مذکورہ دو جنگجوﺅں میں ایک مقامی اور دوسرا غیر ملکی ہے۔(مشمولات یو این آئی)