ڈربن/آسٹریلوی ٹیم نے یہاں کنگس میڈ میں پیر کو پانچویں اور آخری دن 20 منٹ کے کھیل میں 22 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ہی جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 118 رنز سے جیت لیا۔اسی کے ساتھ اس نے چار میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔417 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی جنوبی افریقہ ٹیم نے دن کا آغاز کل کے نو وکٹ پر 293 رن سے کیا تھا جبکہ مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ کی ضرورت تھی۔میزبان ٹیم کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک آخری بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے جنہیں جوش ہیزل وڈ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔افریقی ٹیم اپنے ا سکور میں پانچ رن کا ہی اضافہ کر سکی اور 92.4 اوور میں 298 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔کاک نے 149 گیندوں کی اننگز میں 11 چوکے لگا کر 83 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ اوپنر ایڈین مارکرم نے 143 رنز کی سنچری بنائی جبکہ تھیونس ڈی بروئین نے 36 رن بنائے اور صرف تین کھلاڑی ہی دہائی کے ہندسے کو چھو سکے ۔مورن مورکل تین رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 75 رن پر سب سے زیادہ چار وکٹ حاصل کئے اور میچ میں کل نو وکٹ حاصل کئے اور مین آف دی میچ منتخب کئے گئے جبکہ جوش ہیزل وڈ نے 61 رن پر تین وکٹ لئے ۔اگرچہ آسٹریلیا کی جیت چوتھے دن میدان پر چائے کے وقفہ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان سخت بحث سے پھیکی پڑ گئی جس کی اب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جانچ کرنی پڑ رہی ہے ۔وہیں اسپنر ناتھن لیون پر بھی الزام لگے ہیں۔کھلاڑیوں کے سرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق آسٹریلیا کے نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور گھریلو ٹیم کے وکٹ کیپر ڈی کاک کے درمیان کافی بحث ہوئی ہے ۔یو این آئی ۔