بانڈی پورہ //اجس بانڈی پورہ شاہراہ پر ڈرائیوروں اور مسافروں نے فوج کی جانب سے ڈرائیور کو لہولہان کرنے اور ایک نوجوان کو گرفتار کرنے کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ فوج کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے۔پیر کو ڑرٹھنگو کے مقام پر فوج کی ایک گاڑی نالی میں گر جانے سے ٹریفک جام ہوا تھا، اگرچہ مقامی لوگوں کی مدد سے گاڑی میں سوار اہلکاروں کو بچا لیا لیکن 13 آر آر کے ایک اہلکار نے ایک ڈرائیور کے سرپر بلاوجہ ڈنڈا مارا جس کی وجہ سے ڈرائیور کا کان بری طرح کٹ گیا اور خون کے فوارے بہنے لگے۔اس دوران وہاں پولیس بھی موجود تھی جو تماشا دیکھ رہی تھی۔واقعہ کیساتھ ہی روڑ پر موجود گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں نے احتجاج شروع کیا اور اس دوران ایک نوجوان اس پورے واقعہ کی موبائل سے عکس بندی بھی کررہا تھا۔فوجی اہلکاروں نے اسے پکڑ کر مارا پیٹا اور گاڑی میں بٹھا کر اجس کیمپ میں ٹارچر کرنے کے بعد ہی چھوڑ دیا۔ڈرائیوروں اعر مسافروں نے فوج کی اس بربریت کے خلاف احتجاج کیا اوت کیس درج کرنے کی مانگ کی۔