ہندوستان کا ایک بار پھر پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار
لیسیسٹر/ہندوستانی چمپئنز نے پاکستان کیخلاف سیمی فائنل میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ورلڈ چمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025کا پہلا سیمی فائنل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آج یعنی 31جولائی کو کھیلا جانا تھا۔ اس سے ایک روز قبل ہی ہندوستانی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل مقابلہ کھیلنے سے انکار کر دیا ۔ منگل کو یووراج سنگھ کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز چمپئنز کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندوستانی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کیا ہو۔ سیمی فائنل سے قبل لیگ اسٹیج کے دوران بھی ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ دوسری جانب سیمی فائنل میں اے بی ڈویلیئرز کی کپتانی والی جنوبی افریقہ چمپئنز اور بریٹ لی کی کپتانی والی آسٹریلیا چمپئنز دوسرے سیمی فائنل مقابلہ میں 31جولائی کو ہی آمنے سامنے ہوں گے۔دراصل پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان نے پاکستان سے اپنے تمام تر تعلقات ختم کرلئے ہیں۔ اسی وجہ سے انڈین چمپئنز نے پاکستان چمپئنز کے خلاف پہلے لیگ اسٹیج کا مقابلہ اور اب سیمی فائنل مقابلہ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہندوستانی بائیکاٹ کی وجہ سے پاکستان براہ راست ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ جائے گا۔