حسین محتشم
پونچھ//ممبر قانون ساز اسمبلی (ایم ایل اے) حویلی پونچھ، اعجاز احمدجان کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کے کارکنان کا ایک اہم اجلاس ڈاک بنگلہ پونچھ میں منعقد ہوا۔اجلاس کا بنیادی مقصد خطے کی موجودہ صورتحال اور خاص طور پر پہلگام میں پیش آنے والے المناک واقعے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر شہزاد احمد خان سمیت دیگر اہم کارکنان نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران لیڈران نے پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے، جس میں 26 قیمتی جانیں چلی گئی، پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت ہند سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس سنگین واقعے کا فوری اور سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اندوہناک واقعے کے ذمہ دار افراد کو سخت ترین سزا دی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی کشمیریت، جمہوریت اور انسانیت کو بدنام کرنے کی جرات نہ کر سکے۔انہوں نے موجودہ صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور پارٹی قیادت پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن و امان کی بحالی اور معمول کی زندگی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ایم ایل اے حویلی اعجاز جان نے اپنے صدارتی خطاب میں کارکنان کے جذبات کو سراہا اور یقین دلایا کہ نیشنل کانفرنس عوام کی امنگوں کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہر فورم پر خطے کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرے گی اور امن و خوشحالی کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پہلگام واقعے کے مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے اور حکومت خطے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے اور عوام کو موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے متحد کریں گے۔اس کے علاوہ، اجلاس میں حال ہی میں منظور کیے گئے وقف ترمیمی بل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام کارکنان نے متفقہ طور پر اس بل کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نامنظور قرار دیا۔ انہوں نے ہاتھوں کو بلند کر کے اس بل کی مخالفت کی اور ہندو، مسلم، سکھ اتحاد کے بلند نعرے لگائے۔ کارکنان نے یہ عہد کیا کہ کسی بھی شر پسند عنصر کو آپسی بھائی چارے میں خلل ڈالنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔