محکمہ تعمیرات عامہ پر جان بوجھ کر سڑک کو نظر انداز کرنے کا الزام،بلیک ٹاپنگ کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھر سے گوہلدتک تقریباً پانچ کلو میٹر طویل سڑک کی نہایت ہی خستہ حالت نے مقامی آبادی کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ سڑک کی موجودہ حالت ایسی ہو چکی ہے کہ نہ صرف گاڑیوں بلکہ عام راہگیروں اور مال مویشیوں کا گزر بھی دشوار ہو گیا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افسران نے دانستہ طور پر اس اہم سڑک کی مرمت کو نظرانداز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر قصبہ کے اندر کی سڑک اس قدر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے کہ یہاں آمد و رفت مکمل طور پر مفلوج ہو گئی ہے۔علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ یہ سڑک سرحدی علاقے کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد اسی راستے سے روزانہ سفر کرتی ہے۔ ان کے مطابق اس سال اس سڑک کو کسی بھی سرکاری ترقیاتی منصوبے میں شامل نہیں کیا گیا ہے، جس سے عوام میں شدید مایوسی اور غصہ پایا جا رہا ہے۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد سڑک کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ احتجاجی مظاہروں پر مجبور ہوں گے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ضلع انتظامیہ اور حکومت اس مسئلے کا فوری نوٹس لے اور سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔عوام کا کہنا تھا کہ اگرچہ حکومت کی جانب سے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے دعوے کئے جاتے ہیں، مگر مینڈھرجیسے حساس سرحدی علاقے کو نظر انداز کرنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس اہم مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔اہل علاقہ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو نظرانداز کیا گیا تو وہ بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔