بانہال // حال ہی میں تعمیر کئے گئے بانہال کے تاریخی ڈاک بنگلہ کو آج رسم افتتاح کے بعد قوم کے نام وقف کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین جموں وکشمیر ٹورسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن رفیع احمد میر مہمان خصوصی کے طور مدعو تھے جبکہ ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول ، منیجنگ ڈائریکٹر سرمد حفیظ ، ڈپٹی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی اور کمانڈنگ آفیسر راشٹریہ رائفلز، ایس ڈی ایم بانہال اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ 1947 عیسوی سے پہلے تعمیر کیا گیا یہ ڈاک بنگلہ تین سال پہلے آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوا تھا اور اسے تقریبا نوے لاکھ روپئے کی رقم خرچ کرکے دوبارہ جدید طرز پرتعمیر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین جے کے ٹی ڈی سی رفیع احمد میر نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سیاحت کے شعبے سے وابستہ تمام مراکز کی ترجیحی بنیادوں پر تجدید و مرمت کی جائے گی اور سیاحت کے شعبے کو مزید بڑھاوا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاحتی مراکز پر عوام کیلئے تمام سہولیات میسر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس کیلئے سرکار ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا بانہال ، رام بن اور دیگر علاقوں کی خوبصورتی کو سیاحتی مقام بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے اور محکمہ کی املاک عوامی املاک ہے اور اس کی حفاظت کرنا مقامی لوگوں کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے چند مہینے سے ہی وائس چیئرمین بنے ہیں اور وہ آنے والے وقت میں رام بن کے ڈاک بنگلہ اور ٹورسٹ کیفٹیریا رام بن کی تجدید اور مرمت کا کام شروع کرنے والے ہیں اور شاہراہ پر تمام مراکز کو جاز ب نظر بنایا جائے گا۔ اْنہو ںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس شعبے کی مزید ترقی کے لئے محکمہ کو اپنے مشوروں سے نوازیں تاکہ اس صنعت کو مزید بڑھاوا دیا جائے سکے۔ اْنہوں نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ ریاست کی مالی اعتبار سے ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے کو مزید ترقی دینا ہم سب کا فرض ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ بانہال اور خطہ چناب میں کئی ایسے خوبصورت سیاحتی مقامات موجود ہے جنہیں سیاحتی نقشے پر لانے کی ضرورت ہے۔ اْنہوں نے کہا کہہ ریا ستی سرکاراس شعبے کو بڑھاوادینے کے لئے کام کر رہی ہے اور اْمید ہے کہ ان علاقوں کی خوبصورتی کو اْبھارنے اور سیاحوں کو نئے ٹورسٹ سپارٹ فراہم کر نے کے لئے ان مقامات کو سیاحت کے نقشے پر لایا جائے گا۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے کہا کہ مہاراجہ کے زمانے کا ڈاک بنگلہ نیا بنکر قوم کے نام وقف کرنے پر
رفیع احمد میر اور مقامی لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ بانہال کے مہو منگت سمیت درجنوں خوبصورت مقامات عدم توجہی کا شکار ہیں اور جموں ڈائریکٹریٹ سے بانہال علاقے کیلئے فنڈس کو بھیجنے کے بجائے انہیں جموں اور اسکے اس پاس میں ہی خرچ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے شاہراہ پر خاص کر ضلع رام بن میں سیاحتی مراکز کی حالت خراب ہے اور عدم توجہی کا شکار ہیں۔ انہوں نے ریلوے سٹیشن بانہال اور دیگر علاقوں میں محکمہ کو توجہ دیکر عوام کیلئے سہولیات بہم رکھنے کی اپیل کی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر سرمد حفظ نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع رام بن میں تمام سیاحتی مراکز کی از سر نو تجدید و مرمت کی جائے گی اور اس کیلئے کارپوریشن کمر بستہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر رام بن نے کہا کہ وہ ضلع رام بن میں سیاحت کو بڑھاوا دینے کیلئے اپنی ہرممکن کوشش کرینگے اور موجودہ ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔