سری نگر //اسمبلی اسپیکر کی طرف سے فوج مخالف بیان دینے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکرٹری اشوک کول نے بتایا کہ موصوف کے بیان پر پارٹی کی مرکزی اعلیٰ قیادت عنقریب فیصلہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کے بیان پر پہلے ہی بحث و مباحثہ ہوچکا ہے اور اس حوالے سے مرکزی قیادت کو ایک جامع رپورٹ بھیج دی گئی ہے۔ حال ہی میں منتخب ہوئے اسمبلی اسپیکر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی طرف سے آرمی کے خلاف بیان دینے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کے ریاستی جنرل سیکرٹری اشوک کول نے کہا کہ موصوف کے بیان پر مرکزی اعلیٰ قیادت جلد ہی فیصلہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے نگروٹہ میںاپنے مکان کو تعمیر کرنے کے دوران آرمی کے خلاف جو بیان جاری کیا ہے اُس کا پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور عنقریب اس حوالے سے کوئی فیصلہ آنے کی اُمید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی شاخ نے پہلے ہی اس مسئلہ پر غور و خوض کیا ہے اور اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ مرکزی قیادت کو روانہ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان ایک دو دنوں میں پالیسی واضح کریں گے۔ واضح رہے اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نگروٹہ جموں میں اپنے مکان کو تعمیر کررہے ہیں جس کے نزدیک آرمی کا اسلحہ ڈیپو واقع ہے۔ اس سلسلے میںفوج نے نرمل سنگھ کو مکان تعمیر نہ کرنے کی صلاح دیتے ہوئے سیکورٹی خدشات سے وآگاہ کیا گیا جس کے جواب میں موصوف نے فوج پر عوام پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اس سلسلے میں فوج نے ریاستی ہائی کورٹ میں موصوف کے خلاف ایک مقدمہ بھی دائر کیا ہے۔ (کے این ایس)