سرینگر// شہید ڈاکٹر قاضی نثار کو چوبیسویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہا کہ ڈاکٹر قاضی نثار کی پوری زندگی خدمت اسلام کے لئے وقف تھی۔ مولانا حامی نے کہاکہ ڈاکٹر قاضی نثار نے جہاں بد دینی اوربد عقیدگی کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے علم کے نور سے پوری ریاست کو روشن کرنے کی ایک سعی کی تھی وہیں پر ریاست میں بگڑی ہوئی سیاسی حالت کو بھی ایک صحیح جہت دینے کے لئے اقدامات کئے، یہی وجہ ہے کہ وہ روزاول سے ہی مختلف سازشوںم کے شکار بنائے گئے۔ لیکن موصوف چٹان کی طرح حقیقی اسلامی موقف پر کاربند رہے ۔ نماز جمعہ کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامی نے کہا کہ فتح مکہ آج باطل پرستوں اور اسلام دشمنوں کے لئے ایک عظیم لمحہ فکریہ ہے جسمیں نبی اکرمﷺ نے پوری انسانیت کے لئے ایک تحریک رقم کی کہ طاقت کا نشہ انسانیت کے فروغ اور دردل سے چور چور ہوتا ہے۔