سرینگر//صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جاکر وہاں زیر علاج بیماروں کو دی جانی طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کی خدمات کا جائزہ لیا اور بذات خود بیماروں کی بھی عیادت کی اور اُن کو ہسپتال سے بہم پہنچائی جارہی طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے ہسپتال کے سپرانٹنڈٹ اور دیگر عملہ کے ساتھ بھی گفت و شنید کے دوران ہسپتال کی جانب سے زیر علاج مریضوں کی طبی سہولیات اور دیگر طبی خدمات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے مقیم ڈاکٹر حضرات سے تاکیدکی کہ وہ بیماروں کو ہر سطح پر طبی خدمات کی دستیابی یقینی بنائے اور اپنا فرض نبھانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کرے کیونکہ بیماروں کو ڈاکٹروں سے کافی توقعات ہوتے ہیں اور مریض ڈاکٹروں کی شفقت اور ہمدردی سے ہی صحت یابی کی اُمید رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہسپتال میں زیر علاج پارٹی کی ضلع سکریٹری سرینگر صبیہ رسول کی بھی عیادت کی اور اُن کی مزاج پُرسی بھی کی اور اُنکی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شالیمار جاکر وہاں معروف تاجر مرحوم نذیر احمد وانی کے لواحقین کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ بعد میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صورہ جاکر وہاں معروف ماہر تعلیم اور چیئرمین گرین لینڈ ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ حول محمد اشرف جان کے گھر جاکر تعزیت کی اور اُنکے پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔