سرینگر//عید میلاد النبیؐ کے مقدس موقعے پر صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نمازِ ظہر بھی ادا کی۔ انہوں نے وہاں عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، ریاست میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور کشمیری قوم مصائب ، مشکلات اور مظالم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات پانے کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق لوگوں سے بھی ملاقی ہوئے اور عام شہریوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے گذشتہ 5ماہ سے کشمیری قوم پر ڈھائے گئے مظالم سے نجات پانے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر ان آزمائشوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگیں۔ ڈاکٹر فاروق نے درگاہ کے تعمیر و تجدیدی کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نیشنل کانفرنس حکومت کے دوران درگاہ حضرت کے تجدیدی کاموں کیلئے مختص 30کروڑ روپے جلد از جلد خرچ کرکے تمام تعمیری کام مکمل کئے جائیں گے۔