عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ریڈیو کشمیر سرینگر کی نشریاتی خدمات کے 77 برس مکمل ہونے پر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ادارے کی ٹیم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کے تاریخی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریڈیو کشمیر گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی سماجی، ثقافتی اور اطلاعاتی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ’ریڈیو کشمیر نے ہر دور میں، خصوصاً مشکل حالات میں، عوام کی آواز بننے کا فرض نبھایا ہے۔‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 2014 کے تباہ کن سیلاب کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُس وقت جب بیشتر مواصلاتی ذرائع معطل ہو چکے تھے، ریڈیو کشمیر نے شنکر آچاریہ پہاڑی پر ہنگامی بنیادوں پر نیوز روم قائم کر کے عوام تک مصدقہ اطلاعات کی ترسیل جاری رکھی، جو اس ادارے کی پیشہ ورانہ وابستگی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر ذاتی فخر ہے کہ ریڈیو کشمیر کی پہلی نشریات کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا تھا، اور یہ سعادت ان کی والدہ مادرِ مہربان بیگم اکبر جہاں کو حاصل ہوئی تھی۔نیشنل کانفرنس صدر نے اُمید ظاہر کی کہ ریڈیو کشمیر آئندہ بھی اپنی صحافتی، ثقافتی اور سماجی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ نبھاتا رہے گا اور سامعین کے لیے معیاری اور بامقصد پروگرام پیش کرتا رہے گا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا ریڈیو کشمیر کو خراجِ تحسین، 77 برس مکمل ہونے پر مبارکباد
