جموں//حکومت نے ڈاکٹر الاٹو ولاپل سری دھرن جسے میٹرو مین بھی کہا جاتا ہے کو ریاست میں دو ماس ریپڈ ٹرانزٹ کارپوریشنوں کا پرنسپل ایڈوائیزر تعینات کیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں ریاست میں دو ماس ریپڈ ٹرانزٹ کارپوریشنوں کے قیام کو منظوری دی ہے ۔ دھیرج گپتا پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی اس کے چیئر مین ہیں جبکہ کمار راجیو رنجن ان دو ماس ریپڈ ٹرانزٹ کارپوریشنوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں ۔ ان کارپوریشنوں میں محکمہ خزانہ ، محکمہ ٹرانسپورٹ کے انتظامی سیکرٹری ، سی ای او جے اینڈ کے اِرا ، ایڈیشنل سی ای او ماس ریپڈ ٹرانزٹ کارپوریشن جموں /سرینگر ، مرکزی وزارت مکانات و شہری ترقی کے نمائندے اور بورڈ کے دیگر ممبران بھی شامل ہوں گے ۔ یہ کارپوریشنیں ریاست میں شہری موبلٹی کے معاملے کا مجموعی طور پر جائیزہ لیں گی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے میں اپنا رول ادا کریں گی ۔ یہ کارپوریشنیں ریاست میں روز گار کی دستیابی ، معیاری تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ معیاری ٹرانسپورٹ اور بہتر ٹریفک نظام کی سہولیات دستیاب کرائیں گی۔ مجوزہ کارپوریشن ٹرانسپورٹ کے مختلف ذرائع کو مربوط کر کے اختراعی ٹرانسپورٹ نظام وجود میں لائیں گی تا کہ نقل و حمل کے ذرائع میں بہتری آ سکے ۔ ملک میں ماس ریپڈ ٹرانزٹ نظام کا ذکر کرتے ہی ہر ایک کے ذہن میں پہلے ڈاکٹر سری دھرن کا نام آتا ہے جو ایک ریٹائیرڈ آئی ای ایس آفیسر ہیں انہیں پدم شری اور پدم بھوشن سے بھی نوازا گیا ہے اور انہیں عام طور پر میٹرو مین کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ انہوں نے ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بدلنے میں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔انہوں نے کون کن ریلوے اور دہلی میٹرو میں بھی بے مثال کام انجام دیا ۔ انہیں اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ سطح کے ایڈوائیزری گروپ میں تین برس تک کام کرنے کیلئے سابق اقوام متحدہ جنرل سیکرٹری بانکی مون نے تعینات کیا تھا ۔ ڈاکٹر سری دھرن کو ملک میں ماس ریپڈ ٹرانزٹ نظام کی عمل آوری میں ایک وسیع تجربہ حاصل ہے ۔