ڈاکٹر درخشاں اندرابی کا شاہدرہ شریف دورہ، متعدد علماء ومشائخ سے ملاقی

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی//جموں کشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹردرخشان اندرابی نے ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ شاہدرہ شریف اور ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر کے ہمراہ مشہور و معروف ولی کامل حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ رحمۃ اللّٰہ علیہ کی زیارت شاہدرہ شریف پر حاضری دی۔ اس موقع وقف بورڈ کی پرچیئر پرسن نے وقف بورڈ سے جڑے تمام علماء کرام ائمہ حضرات اور مشائخین سے تفصیلی ملاقات کی۔ انھوں نے جموں و کشمیر کے لیے وقف بورڈ کی تعمیر نو کے منصوبے کے جاری دوسرے مرحلے کے ایک حصے کے طور پر تمام مزارات پر سہولیات کو بڑھانے پر زور دیا۔ ڈاکٹر اندرابی نے اس علاقے میں عوام اور بالخصوص علماء کرام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کی تبدیلی کی ستائش کی ماضی کے چیلنجوں پر قابو پانے کے بعد اس کی نئی متحرکیت پر زور دیا۔ عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی اپنی کوششوں میں ڈاکٹر اندرابی نے شاہدرہ شریف پر علماء کرام کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی۔ ڈاکٹر اندرابی کا کہنا تھا کہ مرکزی جامع مسجد شاہدرہ شریف کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد یقیناً اللہ تعالی کی طرف سے نازل ہونے والی رحمتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اپ کو خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ اللہ تعالی ان سے دین متین کا کام لے رہا ہے۔ وقف بورڈ چیئر پرسن نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ شاہدرہ شریف میں بابا غلام شاہ بادشاہ رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے ایک عمدہ لائبریری تعمیر کی جائے گی جس میں نادر و نایاب کتابیں رکھی جائیں گی جس سے یہاں کے عوام و خواص مستفید ہوں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے شاہدرہ شریف میں ایک بہترین ہسپتال تعمیر کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ اس موقع پر مرکزی جامع مسجد درہال ملکاں کے امام و خطیب اور انجمن علمائے اہل سنت صوبہ جموں کے صدر حافظ محمد سعید نقشبندی کی صدارت میں ضلع کے علمائے کرام نے ڈاکٹر اندرابی سے خصوصی ملاقات کی اور وقف بورڈ کے احیاء میں ان کی کوششوں کی ستائش کی اور شاہدرہ شریف میں جامع مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ وہیں پیر پنچال رینج میں صوفی کانفرنسوں کے انعقاد کے حوالے سے بات چیت کی گئی جس میں عقیدے کے نام پر بنیاد پرستی اور تشدد کے مشکل وقت میں خطے کی روحانی اور جامع روایات کے تحفظ میں علمائے کرام کے اہم کردار کو تسلیم کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر اندرابی نے کسی کا نام لیے بغیر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور ایسی سیاسی جماعتوں کو ہرگز اپنا ووٹ نہ ڈالیں جن کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں بلکہ اس جماعت کو اپنا ووٹ دیں جس نے جموں کشمیر میں بحالی امن کے لیے کام کیا ہے۔